واشنگٹن،6؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکا کے نیشنل اٹیلی جنس چیف نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ روس نے ڈیموکریٹک پارٹی کی ای میلز کو ہیک کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ روسی ہیکرز نے اس تناظر میں انتخابی عمل کو متاثر کیا ہے۔امریکا کے نیشنل اٹیلی جنس چیف جیمز کلیپر نے کہا ہے کہ ان کے اِس یقین میں اضافہ ہوا ہے کہ روس نے امریکی انتخابی مہم کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی اور اُس کے انتخابی مہم کے اسٹاف کی ای میلز کو ہیک کرتے ہوئے پراپیگنڈا اور جھوٹی خبریں پھیلانے کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے یہ بیان دے کر منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایسے بیانات کو رد کر دیا ہے، جس میں ایک طرح سے شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ آیا روس نے انتخابی مہم کے دوران ہیکنگ کی ہے۔
جیمز کلیپر نے اپنے بیان میں کہا کہ چند ہفتے قبل کے مقابلے میں تازہ جائزوں اور تحقیقاتی عمل سے اُن کے ہیکنگ کے بارے میں مطلوبہ نتائج زیادہ معتبر ہو گئے ہیں۔ کلیپر نے انتخابی مہم کے دوران روسی ہیکنگ کے معاملے پر سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے بیان میں اپنی تازہ جائزہ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے اس کمیٹی کو یہ بھی بتایا کہ اِس ہیکنگ کے مقاصد کی تفصیل اگلے ہفتے کے دوران عام کر دی جائے گی۔ سینیٹ میں کلیپر کے ساتھ دو دوسری خفیہ ایجنسیوں کے چیفس بھی پیش ہوئے۔